13

مقبوضہ کشمیر، غیرانسانی لاک ڈائون کا 184 واں روز،معمولات زندگی بدستور مفلوج

سری نگر(سی این پی ) مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کی جارحیت بدستور جاری ہے،وادی میں کرفیواورلاک ڈائون 184ویں روزمیں داخل ہوگیا ہے۔مقبوضہ وادی کشمیرمیں بھارت کی طرف سے مسلط کردہ غیر انسانی لاک ڈائون اور مواصلاتی بندش کے باعث مسلسل 184 ویں روز بھی معمولات زندگی بدستور مفلوج ہیں۔ سڑکیں سنسان، وادی میں دکانیں، کاروبار، تعلیمی مراکز بند ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور ایک کروڑ سے زائد افراد دنیا کی سب سے بڑی جیل میں قید ہیں۔ وادی میں نام نہاد سرچ آپریشن اور پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے اور بھارتی فوج نے گزشتہ ہفتے تین نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا ۔وادی میں خوراک اور ادویات کی قلت بھی برقرار ہے ۔ بھارت نے مظلوم کشمیریوں پر ظلم وبربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور ہزاروں کشمیریوں سمیت مقبوضہ وادی کی سیاسی قیادت کو بھی جیلوں میں بند کر رکھا ہے ۔وادی میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات تاحال معطل ہیں۔ دوسری جانب مودی سرکار کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام ہے کشمیری کرفیو توڑ کر سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کرتے رہے۔واضح رہے کہ 5اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کر کے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر دیا تھا اور بھارت نے کشمیریوں کی نقل وحرکت پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔یکم نومبر سے بھارتی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر میں جائیداد خریدنے اور وہاں رہنے کا حق بھی حاصل ہو گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں