معروف اداکار و فلمساز وحید مراد کو مداحوں سے بچھڑے 36 برس بیت گئے

لاہور(سی این پی )پاکستان کے معروف اداکار اور فلمساز وحید مراد کو مداحوں سے بچھڑے 36 برس بیت گئے۔وحید مراد کو ‘چاکلیٹی ہیرو’ کے نام سے جانا جاتا ہے، وہ 2 اکتوبر 1938ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔وحید مراد ایک اداکار، فلمساز اور بہترین سکرپٹ رائٹر بھی تھے، وہ اپنے دلکش تاثرات ، پرکشش شخصیت، نرم آواز اور اداکاری کی وجہ سے غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل تھے جبکہ جنوبی ایشیاء میں بھی انہیں ایک مشہور اور با اثر اداکار سمجھا جاتا ہے۔وحید مراد نے جامعہ کراچی سے انگریزی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی جبکہ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1959ء میں فلم ”ساتھی” سے کیا جس میں انہوں نے مختصر کردار ادا کیا تاہم انہوں نے باقاعدہ فلمی سفر کی شروعات 1962ء میں فلم ”اولاد” سے کی جس میں انہوں نے بطور معاون اداکار کام کیا۔نامور اداکار نے 1964ء میں فلم ”ہیرا اور پتھر” پروڈیوس کی جس میں انہوں نے پہلی بار مرکزی کردار نبھایا اور اپنے نہایت منفرد، شرارتی اور رومانوی انداز سے تمام مداحوں کے دلوں میں گھر کر لیا۔انہوں نے اپنے 30 سالہ فلمی کیریئر میں پاکستان کو کئی مشہور فلمیں دیں جن میں ‘ارمان’، ‘دیور بھابھی’، ‘درپن’، ‘دوراہا’، ‘جہاں تم وہاں ہم’، ‘انجمن ‘اور ‘اولاد’ جیسی متعدد فلمیں شامل ہیں۔وحید مراد کی وفات کے 27 سال بعد نومبر 2010ء میں حکومت پاکستان نے انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا۔چاکلیٹی ہیرو وحید مراد 23 نومبر 1983ء کواپنے مداحوں سے بچھڑ گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں