ناسا نے چاند کی سطح پر تباہ ہو نے والے بھارتی خلائی مشن کے ٹکڑے تلا ش کر لئے

نیویارک(سی این پی)امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے نیشنل ایرونوٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا)نے چاند کی سطح پر گر کر تباہ ہو نے والے بھارتی خلائی مشن کے ٹکڑے تلاش کر لیے۔رواں سال 7 ستمبر کو بھارت کی چاند پر اترنے کی دوسری کوشش بھی ناکام ہوگئی اور خلائی مشن کا رابطہ چاند پر لینڈنگ سے چند منٹ پہلے منقطع ہوگیا تھا۔ بھارت کے خلائی مشن چندریان ٹو سے موصول ہونے والے سگنل چاند پر لینڈنگ سے چند منٹ قبل منقطع ہوگئے تھے۔ وکرم لینڈر کا چاند کی سطح سے 2.1 کلومیٹر کے فاصلے پر رابطہ منقطع ہوا تھا۔تاہم اب امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے چاند کی سطح پر گر کر تباہ ہو نے والے بھارتی خلائی مشن کے ٹکڑے تلاش کر لیے گئے ہیں۔ناسا کی جانب سے جاری تصاویر میں خلائی مشن کے ٹکرانے اور کئی کلومیٹر دور تک 2 درجن جگہوں پر بکھرے حصوں کو دکھایا گیا ہے۔اس حوالے سے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت خلائی آلودگی کا بہت بڑا ذریعہ بنتا جا رہا ہے، بھارتی غیر ذمہ دارانہ خلائی مشن ماحول کیلئے خطرناک ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی تنظیموں کو بھارت کے اس اقدام کا سخت نوٹس لینا چاہیے۔یاد رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 27 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ بھارت نے اینٹی سٹیلائٹ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس کے تحت میزائل کے ذریعے خلا میں سٹیلائٹ کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا اور اس مشن کو ‘شکتی مشن’ کا نام دیا گیا۔ناسا چیف نے بھارت کے تجربے پر ناسا ٹان ہال میں میٹنگ کے دوران کہاتھا کہ بھارتی تجربے کے نتیجے میں 400 ٹکڑے دیکھے گئے ہیں جس میں 60 بڑے ٹکڑے بھی شامل ہیں جب کہ 24 ایسے ٹکڑے ہیں جو انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے بھی بڑے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں