یونیورسٹی آف سرگودھا کا انوکھا کارنامہ،ڈگریاں وصول کرنے کے بعد سینکڑوں طلبہ کی خوشی شرمندگی میں تبدیل

سرگودھا(سی این پی)یونیورسٹی آف سرگودھا کا انوکھا کارنامہ،سینکڑوں طلباءکی ڈگریوں میں جنس کی تبدیلی،انتظامی غفلت یانااہلی،یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ساتویں کانووکیشن کی تقریب کا انعقاد کیا گیا،جسکی صدارت صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کی،تقریب سے خطاب کے دوران صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں اعلی تعلیم اور مہارتوں پر مبنی علوم کو فورغ دینے کیلئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت نے ہائر ایجوکیشن سیکٹر کی ترقی کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جن میں سے ایک اہم قدم ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کا اجراء ہے۔یہ ڈگری طلبہ کی پیشہ ورانہ ضروریات کو پورا کرنے کا باعث بنے گی۔راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا کہ چین کے تعاون سے مائیکروچپ مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کیلئے پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ نوجوان انجینئرز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت فراہم کرنے کیلئے تربیتی پروگرام کا آغاز ہو چکا ہے جسکی بدولت نوجوان بیرون ممالک ملازمتوں کے مواقعوں سے مستفید ہو سکیں گے۔انہوں نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انکے عزم،ہمت اور لگن کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح سرگودھا یونیورسٹی نے محدود وقت میں ترقی کی کئی منازل طے کی ہیں اس پر انتظامیہ اور فیکلٹی ممبران مبارکباد کے مستحق ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ بطور وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی میں میرا تیسرا کانووکیشن ہے ڈگریاں وصول کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔طلبہ،انکے والدین اور اساتذہ کی خوشی میں شریک ہوں،کانووکیشن میں 9635ریگولر طلبہ سمیت 83ہزار سے زائد ڈگریاں تفویض کی گئیں،جن میں فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہومینٹیز کی 46279،فیکلٹی آف سائنسز کی 15537،فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے تحت 20129،فیکلٹی آف انجیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی 227،فیکلٹی آف فارمیسی 437،فیکلٹی آف ایگریکلچر 77 اور فیکلٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کی 297ڈگریاں شامل ہیں جبکہ پی ایچ ڈی طلبہ کی تعداد 30،ایم ایس/ایم فل 1343،ایم اے /ایم ایس سی 37137،بی ایس سی /بی بی اے14910جبکہ بی اے /بی ایس سی کی 30263ڈگریاں شامل ہیں۔574پوزیشن ہولڈرز طلبہ اور 30پی ایچ ڈی سکالرز میں میڈلز،انعامی رقوم اور ڈگریاں صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں سرفراز اور ڈاکٹر اشتیاق احمد نے تقسیم کیں۔ساتویں کانووکیشن میں کل 83ہزار سے زائد ڈگریوں میں سے 53868ڈگریاں طالبات نے حاصل کیں۔

قابل توجہ امر یہ ہے کہ تقریب کا مزا اس وقت کرکرا ہوا جب طلبہ نے اپنی ڈگریوں کا بغور جائزہ لیا،تو معلوم ہوا کہ متعدد طلباء کی ڈگریوں پر انکی جنس تبدیل تھی۔باوثوق ذرائع کے مطابق سینکڑوں طلباء کی ڈگریوں پر انکی جنس تبدیل کر دی گئی،یونیورسٹی انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی پر طلباء نے شدید تنقید اورغم و غصہ کا اظہار کیا۔


اس حوالے سے جب ترجمان یونیورسٹی آف سرگودھا فیصل عزیزسے موقف جاننے کیلئے سوال کیا گیا کہ ساتویں کانووکیشن میں یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ کو دی جانے والی ڈگریوں میں انکی جنس تبدیل کردی ہے تو پہلے انہوں نے بھرپور قہقہہ لگایا اور لاعلمی کا اظہار کیا جب ان سے استفسار کیا گیا ہےکیاآپ تقریب میں موجود نہ تھےاور ایسا نہیں ہوا ہے تو انہوں نے مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ شاید کوئی ایک آدھ ڈگری پر ایسا ہواہوگا۔جس پر سی این پی ٹیم نے انہیں کہا کہ سینکڑوں طلباء متاثر ہوئے ہیں تو انہوں نے کہا کہ میں متعلقہ شعبے سے تفصیلات حاصل کرکے آگاہ کرتا ہوں،جسکے بعد ان سے متعدد بار رابطہ کیا گیا مگر انہوں نے جواب نہیں دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں