عابد علی کی اننگز دیکھ کرجاویدمیانداد کی یاد تازہ ہوگئی،رمیز راجہ

کراچی(سی این پی‌)سابق ٹیسٹ کرکٹررمیز راجہ نے کہا ہے کہ عابد علی کی اننگز دیکھ کر جاوید میانداد کی یاد تازہ ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے متعلق نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان ٹیم پر تبصرہ کرنا خطرے سے خالی نہیں یہ ٹیم کسی کو بھی کسی وقت غلط ثابت کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دو سیشن اتنا برا کھیلتے ہیں کہ میچ ہاتھ سے نکلتا نظر آتا ہے پھر اسی ٹیسٹ میں کم بیک بھی کرلیتے ہیں، پاکستان ٹیم ایک غیر مستقل مزاج کی حامل ٹیم ہے۔رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ عابد علی کی اننگز دیکھ کر انہیں جاوید میانداد کی ابتدائی شاندار اننگز یاد آگئیں جو انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ابتدائی ٹیسٹ میں سنچری بنائی تھی پھر ڈبل سنچری بھی داغ دی تھی، عابد علی نے مشکل وقت میں بڑی اننگز کھیلی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اظہر علی اگر پرفارم نہیں کریں گے تو ڈریسنگ روم میں کمزور پڑ جائیں گے، کپتان کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں