مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں، گورنر پنجاب

لاہور(سی این پی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں، مودی کے ہوتے ہوئے امن کی توقع نہیں، بھارت خطے کے امن کو دائو پر لگانا چاہتا ہے۔تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ امن چاہتا ہے، تاریخ گواہ ہے کہ جنگ کبھی مسئلے کا حل نہیں ہوتی۔گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں، مودی کے ہوتے ہوئے امن کی توقع نہیں ہے۔ فاشسٹ آدمی کبھی امن کی بات نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ دہشت گردانہ ذہن کی عکاس ہے، مختلف ہتھکنڈوں سے بھارت خطے کے امن کو دائو پر لگانا چاہتا ہے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ بھارت جان لے کسی بھی در اندازی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پاکستانی عوام اور افواج ملک کے تقدس کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔اس سے قبل ایک موقع پر چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ بھارت کا زوال شروع ہو چکا، شہریت متنازع بل کے خلاف احتجاج پورے بھارت میں پھیل گیا۔گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارتی عوام نے کالے قانون کو یکسر مسترد کردیا ہے، نام نہاد سیکولر بھارت کا سیاہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہوچکا۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے 2 قومی نظریے کو تقویت ملی۔انہوں نے کہا تھا کہ مسلمانوں کے خلاف مودی سرکار کا بغض کھل کر سامنے آگیا، بھارتی حکومت متنازع قانون سے اپنی عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں