نمبر پلیٹ کے ساتھ دو نمبری آپ کو بھاری نقصان پہنچا سکتی ہے

ریاض(سی این پی)سعودی محکمہ ٹریفک نے واضح کیا ہے کہ کسی اور گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال کرنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے جس پر 5 سے 10 ہزار ریال تک جرمانہ مقرر ہے۔میڈیا کے مطابق محکمہ ٹریفک پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ کسی بھی گاڑی کا مالک دوسری گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال نہیں کر سکتا۔ ایسا کرنے پر پابندی ہے اور اس کی خلاف ورزی پر جرمانہ مقرر ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق خلاف ورزی پر 5 ہزار ریال سے 10 ہزار ریال تک جرمانہ مقرر ہے جبکہ صحیح نمبر پلیٹ لگانے تک گاڑی کو محکمے کی تحویل میں لے لیا جائے گا۔خیال رہے کہ سعودی ٹریفک قانون میں یہ سہولت دی گئی ہے کہ ایک ہی مالک کی ایک گاڑی کی نمبر پلیٹ دوسری گاڑی میں منتقل کی جاسکتی ہے بشرطیکہ محکمہ ٹریفک میں اس کا اندراج کروایا گیا ہو اور اس کی فیس ادا کردی جائے۔ایک شرط یہ بھی ہے کہ گاڑی کا ملکیت نامہ جسے سعودی عرب میں رخصتہ السیر کہا جاتا ہے ایک ہی مالک کے نام پر ہو۔ گاڑی کی ملکیت کی منتقلی اور رخصتہ السیر کی تجدید کے لیے موثر انشورنس دستاویز بھی ضروری ہے۔مذکورہ انشورنس گاڑی فروخت ہونے کے بعد بھی موثر رہتی ہے، بس نئے مالک کو انشورنس کمپنی میں نجی معلومات کا اندراج کروانا پڑتا ہے۔ انشورنس کمپنی انشورنس کے مکمل دورانیے کی پابند ہوتی ہے خواہ گاڑی کا ملکیت نامہ انشورنس سکیم کے موثر ہونے کے دوران ختم کیوں نہ ہوگیا ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں