آل پاکستان انٹر بورڈ سپورٹس گالاسوموار کوشروع ہوگا

اسلام آباد (سی این پی) انٹر بورڈ سپورٹس کمیٹی کے زیر اہتمام پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے آل پاکستان انٹر بورڈ سپورٹس گالاسوموار( 6 جنوری) سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل محمد اعظم ڈار نے بتایا کہ سپورٹس گالا کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ سپورٹس گالا میں ملک کے تقریبا 25 تعلیمی بورڈز کے بوائز اور گرلز کھلاڑی حصہ لیں گے، سپورٹس گالا میں شرکت کےلئے گرلز کھلاڑی 5 جنوری کو جبکہ بوائز کھلاڑی 10 جنوری کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ گرلز کھلاڑیوں کے پانچ مختلف کھیلوں کے مقابلے 6 سے 9 جنوری تک منعقد ہونگے جن میں اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، ہاکی، والی بال اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے شامل ہیں جبکہ بوائز کے مختلف پانچ کھیلوں کے مقابلے 11 سے 15 جنوری تک منعقد ہونگے جن میں اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، ہاکی، فٹ بال اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے شامل ہیں۔ سہولیات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب انہوں نے بتایاکہ پاکستان سپورٹس بورڈ کھلاڑیوں کو رہائش اور گراو¿نڈ کی سہولیات فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں سے گراس روٹ سطح پر کھیلوں کو فروغ حاصل ہوگا اور نوجوان نسل کو معاشرتی برائیوں سے بچانے کےلئے ایسے تعلیمی اداروں میں بھی زیادہ سے زیادہ مقابلے منعقد ہونے چاہئے۔ انتظامات کے حوالے سے ایک اور سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں انٹر بورڈ سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر محمد یوسف بلوچ کی سرپرستی انٹر بورڈ سپورٹس کمیٹی اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے آفیشلز کا سپورٹس گالا کے انتظامات کو آخری شکل دینے کےلئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں