برٹش اوپن جونیئر سکواش چیمپئن شپ کے فاتح کی وطن واپسی، والدین اور قوم کی دعائوں کے باعث کامیابی ملی ،محمد حمزہ خان

اسلام آباد (سی این پی) قومی کھلاڑی محمد حمزہ خان برٹش اوپن جونیئر سکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے کے بعد آج وطن پہنچ گئے۔ پاکستان نے 8 سال بعد برٹش جونیئر سکواش چیمپئن شپ انڈر 15 کا ٹائٹل جیتا۔ سکواش کے کھلاڑی اور آفیشلز کا نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان سکواش فیڈریشن اور پے اے ایف کے حکام بھی موجود تھے۔قومی سکواش کھلاڑی محمد حمزہ خان نےمیڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ برٹش جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ کیلئے بھرپور محنت کی تھی جس کا نتیجہ فتح کی صورت میں ملا ہے، فیڈریشن اور کوچز نے ایونٹ سے قبل بھرپور تعاون کیا جس کی وجہ سے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ آمنہ عمران، وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ اکبر درانی اور فیڈریشن کے دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد حمزہ خان نے کہا کہ برطانیہ میں ہونے والی برٹش جونیئر اوپن سکواش میں انڈر 15 کا ٹائٹل جیتنا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ٹورنامنٹ کیلئے بہت زیادہ محنت کی تھی جس کا صلہ مل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کیلئے کوچز نے جدید اور اعلی معیار کی تربیت سمیت ہماری بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ محمد حمزہ خان نے کہا کہ فیڈریشن اور ٹیم انتظامیہ نے بھی ہمارے ساتھ بہت محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ والدین اور قوم کی دعائوں کے باعث کامیابی ملی ہے جس پر میں بہت خوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پورے ایونٹ میں ان کی کارکردگی قابل ستائش رہی ہے۔ آئندہ بھی وہ اپنے ملک کیلئے جیت کے تسلسل کو جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، جونیئر کھلاڑیوں کے کھیل میں بہتری اور نکھار آ رہا ہے اور وہ پر امید ہیں کہ آنے والے ایونٹ میں بھی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ اکبر درانی نے حمزہ اور ایونٹ میں شرکت کرنے والے دیگر کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ برٹش اوپن سکواش چیمپئن شپ میں قومی کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی قابل ستائش رہی ہے اور اس ایونٹ کو میڈیا نے بھی خوب سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر سکواش میں میڈل جیتنے سے سنہری دور واپس آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر کھلاڑیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان میں اب بھی بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے اور ان میں کسی بھی ملک کے کھلاڑی کو ہرانے کی صلاحیت موجود ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ آمنہ عمران نے کہا کہ برٹش اوپن سکواش چیمپئن شپ میں حمزہ خان سمیت دیگر کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتی ہوں، ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام چلا رہے ہیں جس کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان سپورٹس بورڈ بھرپور تعاون کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کیلئے جونیئر کھلاڑیوں نے بہت زیادہ محنت کی جس کا نتیجہ انہیں مل گیا۔ یہی نوجوان کھلاڑی مستقبل میں جان شیرخان اور جہانگیر خان بنیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں