ہسپتال ویران کرنے کے لیے گراؤنڈز بھرنے کی اشد ضرورت ہے،اکبر حسین درانی

اسلام آباد(سی این پی) وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ ہسپتال ویران کرنے کے لیے گراؤنڈز بھرنے کی اشد ضرورت ہے، موجودہ خوراک ، برگرز اور فاسٹ فوڈ کا استعمال صحت کیلئے نقصان دہ ہے، قدرتی خوراک کا کوئی نعم البدل نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہیلتھ ایسوسی ایشن آف نیوٹریشن ڈیٹیٹکس نے پاکستان سپورٹس کے تعاون سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا ،جس کا مقصد مختلف کھیلوں میں غذا کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔اس تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی تھے۔ورکشاپ میں چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر بٹ اور ڈی جی سپورٹس بورڈ آمنہ عمران خان نے بھی شرکت کی اور آرگنائزرزاور شرکاء کی حوصلہ افزائی کی۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات ونشریات اکبر حسین درانی نے کہا کہ خوراک کا تعلق انسانی جسم سے ہے ،کھلاڑیوں کو اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال ویران کرنے کے لیے گراؤنڈز بھرنے کی اشد ضرورت ہے، موجودہ خوراک ، برگرز اور فاسٹ فوڈ کا استعمال صحت کیلئے نقصان دہ ہے۔سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ اشتہارات نے نوجوان نسل کو تباہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قدرتی خوراک کا کوئی نعم البدل نہیں ہے،ہم زیادہ خوراک کھانے کے عادی ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے ہماری صحت پر برے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔گزشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں ہونے والی ورکشاپ میں غذائی ماہرین،فٹنس ٹرینر،ڈاکٹرز اور سائیکولوجسٹ نے مختلف کھیلوں میں غذا کا کردار اور انسانی نشونما پر اس کے اثرات سے روشناس کروایا، اس ورکشاپ میں جمناسٹ آرینا کے سی ای اوڈاکٹر وسیم اللہ، پاکستان سپورٹس بورڈ سے قرة العین،وسٹروورلڈ اسلام آباد سے ماریہ خان،سکول اینڈ فوڈ ایگری کلچر سائنس سے ڈاکٹر رائو ثناء اللہ ،قائد اعظم انٹرنیشنل ہسپتال سے ڈائٹیشن عائزہ عمر ،ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر وقار احمد اور جیکڈ نیوٹریشن کے سی ای او محمد عباس نے کھیل کے دوران متوازن غذائیت ،نیوٹر اسوٹیکلز اور سپلیمنٹس کے استعمال ،کھلاڑیوں کی نفسیات ،غذا اور کھیل کا دماغی صحت پر مثبت اثرات سے متعلق رہنمائی کی۔ورکشاپ اآخر میں ہیلتھ ایسوسی ایشن آف نیوٹریشن اینڈ ڈایٹیٹکس کے صدر عبداللہ سرفراز نے مہمانوںکا شکریہ ادا کیا۔ہیلتھ ایسوسی ایشن آف نیوٹریشن اینڈ ڈایٹیٹکس انسانی صحت اور غذا پر کام کرنے والا فلاحی ادارہ ہے۔یاد رہے کہ کھیلوں میں غذا کے کردار سے متعلق یہ پہلی ورکشاپ ہے جو ہیلتھ ایسوسی ایشن کی بھر پور کاوشوں کا نتیجہ ہے۔اس ورکشاپ میں طلبہ ،کھلاڑی ،اساتذہ ،کھیل اور غذائیت سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بھر پور حصہ لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں