دوستی میں حسد،بھارتی ائیرپورٹ کے عملے کی دوڑیں لگ گئیں

تلنگانہ (سی این پی)دوستی ایک ایسا جذبہ ہے جس میں ایک دوسرے کیلئے خاطر جان بھی دی جا سکتی ہے لیکن ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ حسد کے جذبات دوستی پرحاوی ہوجائیں تو دوست دشمن کی کمی پوری کردے۔بھارت میں ایک ایسا ہی واقعہ دیکھنے میں آیا جہاں دوست ہی دوست کے اچھے مستقبل کی راہ میں رکاوٹ بن گیا اور اسے کینیڈا جانے سے روکنے کیلئے انتہائی قدم اٹھا بیٹھا۔تلنگانہ میں راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ انتظامیہ کو ای میل کے ذریعے بم کی موجودگی کی اطلاع ملی ۔ ای میل میں ایئرپورٹ کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے اڑا ڈالنے کی دھمکی دی گئی تھی۔اس اطلاع پرائرپورٹ انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں ۔ روانہ ہونے والی تمام شیڈول پروازوں کو فوری طور پر معطل کر کے سرچ آپریشن کیا گیا، تاہم 6 گھنٹے طویل سرچ آپریشن کے بعد ائر پورٹ کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔جھوٹی اطلاع پر سائبر کرائم نے ای میل کرنے والے شخص کو دھرلیا۔ دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس اقدام کی وجہ دوست کو کینیڈا جانے سے روکنا تھا۔ملزم کے مطابق امتحانات میں میرے دوست کے ہمیشہ اچھے نمبرآتے تھے جبکہ میں کئی بارفیل ہوا۔ اب میرے دوست کو کینیڈین یونیورسٹی میں داخلہ مل گیا ہے جس پر مجھے حسد محسوس ہوا اور اسے روکنے کیلئے میں نے ایسا کرڈالا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں