زلفی بخاری کی مداخلت، سعودیہ میں پھنسے خاندان کی بحفاظت وطن واپسی

اسلام آباد(سی این پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے بر وقت مداخلت کرتے ہوئے سعودی عرب میں پھنسا ہوا خاندان ریسکیو کرا لیا۔تفصیلات کے مطابق ایجنٹ کے فراڈ پر پاکستانی خاندان کے سعودیہ میں پھنسنے کے معاملے پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے جدہ میں سعودی حکام سے رابطہ کیا، زلفی بخاری کی بر وقت مداخلت پر پاکستانی خاندان کو فوری ریسکیو کر لیا گیا۔ریسکیو کے بعد پاکپتن کے رہایشی 9 افراد بہ حفاظت وطن واپس پہنچ گئے، فیملی کے افراد سے ہوٹل ایجنٹ پاسپورٹ لے کر فرار ہو گیا تھا، حکام کی متعدد کوششوں کے باوجود ایجنٹ سے رابطہ نہ ہو سکا، سعودی حکام نے واقعے سے متعلق تحقیقات شروع کر دی ہیں۔خیال رہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے زلفی بخاری کی کارکردگی کو عوامی سطح کے ساتھ ساتھ حکومتی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔ گزشتہ برس 28 دسمبر کو انھوں نے اعلان کیا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بھی صحت کارڈ شروع کیا جائے گا۔زلفی بخاری نے یہ بھی کہا تھا کہ ای او بی آئی کو وفاق کے تحت بڑھایا جائے گا، پاکستان اور بیرون ملک رہنے والوں کو پنشن میں شامل کیے جانے کی تجویز دی گئی ہے، اوورسیز پاکستانیوں کا جی ڈی پی میں 7 فی صد حصہ ہے۔دسمبر کے آخر میں زلفی بخاری کی کوششوں سے جاپان اور پاکستان کے درمیان تربیت یافتہ افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم کرنے کا معاہدہ بھی ہوا، دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ پاکستان کی 65 فی صد آبادی 35 سال سے کم عمر ہے، پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم ہونے سے پاکستان میں ترقی ہوگی، پاکستانیوں کو جاپان میں 14 مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع ملیں گے، اس سلسلے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پر نوجوان زیادہ توجہ دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں