نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس ہائی کورٹ میں جمع کرا دی گئیں

لاہور(سی این پی) مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرا دی گئیں، رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی حالت ابھی سنبھلی نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس ہائی کورٹ میں جمع کرا دی گئیں، رپورٹس نواز شریف کے وکیل کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی۔ عدالت کے رجسٹرار آفس میں 4 مختلف رپورٹس جمع کرائی گئیں۔میڈیکل رپورٹس کے مطابق نواز شریف کی حالت ابھی سنبھلی نہیں ہے، ان کی سرجری ہونی ہے، نوازشریف کی حالت بہتر ہونے تک سرجری ممکن نہیں ہے۔نواز شریف کی بھجوائی گئی رپورٹس مختلف مواقع کے ٹیسٹوں پر مبنی ہیں، رپورٹس 19 دسمبر، 23 دسمبر اور 13 جنوری کو کیے گئے ٹیسٹوں پر مشتمل ہیں۔اس سے قبل گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس حکومت کو بھیج دیں۔یاد رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے ضمانت میں توسیع کے معاملے پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھا تھا، جس مین نوازشریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس فوری بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا میڈیکل رپورٹس کا میڈیکل بورڈ جائزہ لینے کے بعد ضمانت میں توسیع کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں