اسلام آباد ایئرپورٹ پر سی اے اے نے19 نئے بے بی کئیر کمرے قائم کر دیے

اسلام آباد(سی این پی) وفاقی دارالحکومت کے ایئر پورٹ پر وزیر اعظم کی ہدایت پر بچوں کے لیے اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر 19 نئے بے بی کئیر کمرے قائم کر دیے۔میڈیاکے مطابق بچوں کے ساتھ سفر کرنے والی ماں کے لیے آسانی پیدا کرنے کے لیے یہ بے بی کئیر کمرے قائم کیے گئے ہیں۔ یہ کمرے ملکی اور بین الاقوامی روانگی اور آمد کے لانجز میں تعمیر کیے گئے ہیں۔سی اے اے کے مطابق کمروں میں وہ تمام سہولیات مہیا کی گئی ہیں جن کی ضرورت ایک ماں اور بچے کو ہوتی ہے۔خیال رہے کہ دو دن قبل اسلام آباد ایئر پورٹ پر ماں کی گود سے چار سال کی بچی عنایا اکبر برقی زینے پر گر کر شدید زخمی ہو گئی تھی، اونچائی سے گرنے کے باعث بچی کے سر پر شدید چوٹ لگی تھی اور سر پر چوٹ لگنے سے بچی کے ناک، کان اور منہ سے خون جاری ہوا تھا۔بچی کو تشویش ناک حالت میں پہلے سی اے اے ایمبولینس پر ٹراما سینٹر اور پھر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال لے جایا گیا تھا تاہم بچی جاں بر نہ ہو سکی۔ ترجمان پمز کے مطابق بچی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھی۔ واقعے کے بعد وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو برقی زینے محفوظ بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں