فیصل واوڈا کا ٹی وی شو میں بوٹ لانے کا معاملہ،پیمرا نے نجی ٹی وی کے پروگرام اور اینکر پر 60دن کی پابندی عائد کردی

اسلام آباد(سی این پی) پیمرا نے نجی ٹی وی پروگرام آف دی ریکارڈ پر 60 دن تک پابندی عائد کردی، پیمرا کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پروگرام کے اینکر کاشف عباسی نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی غیر اخلاقی حرکت کو روکنے کی کوشش نہ کی جسکی وجہ سے پیمرا نے مذکورہ پروگرام اور اینکر کے خلاف حسب ضابطہ کارروائی عمل میں لائی اور پروگرام آف دی ریکارڈ اور کاشف عباسی کے آن ائیرآنے پر دوماہ کی پابندی عائد کردی، پیمرا کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ کاشف عباسی کسی بھی نجی چینل کے پروگرام میں بطور میزبان یا مہمان دو ماہ تک شرکت نہیں کرسکیں گے، واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں ’بوٹ‘ ٹیبل پر رکھ کر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، نجی ٹی وی کے پروگرام میں فیصل واوڈا نے ’بوٹ‘ ٹیبل پر رکھا اور کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے لیٹ کر بوٹ کو عزت دی ہے، بوٹ کو چوم کر عزت دی ہے، کوئی شرم اور حیا ہے؟ قوم نے ان کی اصلیت دیکھ لی۔پروگرام کے دوران پیپلز پارٹی کے راہنماء قمر زمان کائرہ کا کہناتھا کہ اگر بوٹ سامنے رکھ کر یہ کہہ رہے ہیں کہ جو کرایا ہے فوج نے کرایا ہے تو ان کے کہنے کا مطلب ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ان کے کہنے پر نہیں فوج کے دباؤ پر ووٹ دیا ہے۔جسکے بعدپیپلز پارٹی کے قمر زمان کائرہ اور ن لیگ کے جاوید عباسی نے احتجاج کرتے ہوئے پروگرام سے واک آؤٹ کردیا؛ جسکا نوٹس پیمرا نے لیتے ہوئے نجی چینل کے اینکر کاشف عباسی اور انکے پروگرام پر پابندی عائد کردی ہے یہ پابندی آج 16جنوری 2020سے نافذالعمل ہوگی،

اپنا تبصرہ بھیجیں