وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، اجناس کی قیمتوں پر کنٹرول سے متعلق جائزہ

اسلام آباد(سی این پی)وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں سے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے اقدامات پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ 2 روز میں طلب کرلی۔عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر موثر کنٹرول اور غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے سے متعلق تجاویزپر غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، احساس پروگرام کے لئے 190 ارب روپے مختص کیے، صحت انصاف کارڈ کے ذریعے غریب خاندانوں کو 7 لاکھ 20 ہزارروپے کی انشورنس دی جا رہی ہے، یوٹیلیٹی سٹورز کو 7 ارب روپے مہیا کیے۔وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے مزید اقدامات کی نشاندہی کی جائے، ٹائم لائنز پر مبنی واضح لائحہ عمل تشکیل دیا جائے، تمام وزارتوں کی ذمہ داریوں کا تعین کیا جائے، موجودہ حکومت کی واحد ترجیح عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی ہے۔عمران خان نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ماہانہ وظیفے میں اضافے اور کھاد کی قیمت میں 400 روپے تک کمی لانے کے لیے تجاویز کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا اسد عمر، خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داد، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، ندیم افضل چن اور شوکت ترین نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں