غریبوں کی ہمدردی میں مگرمچھ کے آنسو بہانے والوں کا بویا آج قوم کاٹ رہی ہے،فروس عاشق اعوان

اسلام آباد (سی این پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپنے کارکنوں کو دھوکہ دینے والے کس منہ سے دوسروں پر دشنام طرازی کرتے ہیں، غریبوں کی ہمدردی میں مگرمچھ کے آنسو بہانے والوں کا بویا آج پوری قوم کاٹ رہی ہے، چار دن جیل میں نہ رہنے والوں کی چیخیں بند نہیں ہو رہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پرجاری بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے16 ماہ میں قرضوں کی ادائیگی سمیت معاشی نظم و ضبط قائم کرنے کے لیے بروقت اور جرات مندانہ فیصلے کئے، مالیاتی اور انتظامی مشکل فیصلے قوم کو 71 سال کے مسائل سے نجات دلانے کے لیے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی ہمت اور حوصلے سے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہونے جارہاہے، وزیراعظم عمران خان کو قوم کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کو براہ راست ریلیف دینے کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے 7ارب کا پیکیج دیا گیا، آنے والے دنوں میں عوام کی آسانی کیلئے مزید اقدامات ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں