الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع کرانے پر 64 اراکین کی رکنیت بحال کردی

اسلام آباد (سی این پی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے پر64 اراکین کی رکنیت بحال کردی جبکہ 254اراکین کی رکنیت اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے تک معطل رہے گی۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے پر 64اراکین کی رکنیت بحال کردی ہیں،رکنیت بحال ہونے والوں میں قومی اسمبلی کے25 ، پنجاب کے 24، سندھ کے10 ، خیبرپختونخوا کے 4 اراکین اور بلوچستان کا ایک رکن شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق 254 اراکین کی رکنیت اب تک بحال نہیں ہوئی، اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے تک رکنیت معطل رہے گی۔واضح رہے الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کرانے پر 318 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کی رکنیت معطل کر دی تھی، جن میں 70 اراکین قومی اسمبلی، 12 سنیٹرز جبکہ 115 ممبران پنجاب اسمبلی، 40 ممبران سندھ اسمبلی اور 60 ممبران خیبرپختونخوا اسمبلی اور 21 ممبران بلوچستان اسمبلی شامل تھے۔الیکشن کمیشن کے مطابق 1195 اراکین پارلیمنٹ میں سے 876 اراکین نے گوشوارے جمع کرائے، 318اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ۔الیکشن کمیشن نے چیئرمین سینیٹ، قومی وصوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز کو آگاہ کر دیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جن اراکین کی رکنیت معطل ہوئی ان میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، فرخ حبیب، برجیس طاہر، زرتاج گل، عامرلیاقت، پرویز اشرف، نور الحق قادری، عامرکیانی سمیت دیگر بھی شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں