ٹرمپ کا بھارت میں پاکستان کیساتھ دوستی کا اظہار بڑی پیشرفت ہے، فردوس عاشق

اسلام آباد(سی این پی) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ امریکی صدر کا بھارت میں کھڑے ہو کر پاکستان کیساتھ دوستی کا اظہار ایک بڑی پیش رفت ہے۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بھارت میں کھڑے ہوکر ٹرمپ کا دہشت گردی کے خلاف ہمارے مثبت کردار کا اعتراف کرنے سے بھارتی بیانیہ دفن ہوگیا، ٹرمپ کا بیان قیام امن کیلئے ہماری کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، مودی خطے اور بھارت میں نفرت، تعصب اور جنگ کی آگ بھڑکانے کی بجائے دوستی کے پیغام اور اس کی طاقت کو سمجھے، امریکی صدر کی موجودگی میں شہریت بل پر احتجاج کرنے والوں پر بہیمانہ تشدد پوری دنیا کو حقیقت سے آگاہ کر رہا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ تعصب، انتہا پسندی اور جنگی جنون کی ذہنی بیماری میں کون مبتلا ہے ؟ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا عالمی تشخص بہتر سے بہتر ہو رہا ہے، دنیا کا علاقائی اور عالمی امن کیلئے ہماری کاوشوں کا اعتراف پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کا مظہر ہے، مسئلہ کشمیر ایک مسلمہ حقیقت ہے امید ہے کہ صدر ٹرمپ مسئلہ کشمیر پر ضرور بات کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں