یوٹیلیٹی اسٹورز سے وزیر اعظم کی تصاویر راتوں رات ہٹا دی گئیں

اسلام آباد(سی این پی) یوٹیلیٹی اسٹورز سے وزیر اعظم عمران خان کی تصاویر راتوں رات ہٹا دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیر اعظم عمران خان کی تصاویر لگانے پر وزیر اعظم نے سخت اظہار برہمی کیا۔وزیر اعظم نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر لگائی گئی اپنی تصاویر فوری ہٹانے کا حکم جاری کیا جس کے بعد راتوں رات یوٹیلیٹی اسٹورز پر سے وزیر اعظم کی تصاویر ہٹا دی گئیں۔انتظامیہ نے تصاویر ہٹانے کے لیے ایک دن کا وقت مانگا تھا مگر وہ بھی نہ مل سکا، وزیر اعظم کا اس سلسلے میں واضح موقف تھا کہ ہمارا مقصد صرف عوام کی فلاح ہے، تشہیر کسی صورت نہیں چاہتا، آئندہ کوئی سیاسی تصویر استعمال نہیں ہوگی۔وزیر اعظم کے حکم سے یوٹیلیٹی اسٹور انتظامیہ کو آگاہ کر دیا گیا، وزیر اعظم نے کہا کہ وہ تشہیر کسی صورت نہیں چاہتے، اسٹورز میں ان کی کوئی تصویر استعمال نہ کی جائے۔خیال رہے 12 فروری کو وزیر اعظم عمران خان نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا مہنگے داموں فروخت ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتیں کم کرنے کی ہدایت بھی دی تھی، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر معاونِ خصوصی برائے اطلاعات نے بیان جاری کیا کہ وزیر اعظم نے یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیا کو کم نرخوں پر فروخت نہ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے مالکان کو چینی 68 روپے فی کلو فروخت کرنے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں