بی آر ٹی منصوبے کو 3 ماہ بعد مستقل پراجیکٹ ڈائریکٹر مل گیا

پشاور(سی این پی) بس ریپڈ ٹرانزٹ(بی آر ٹی)منصوبے کو 3 ماہ بعد مستقل پراجیکٹ ڈائریکٹر مل گیا، کے پی حکومت نے ظفر علی شاہ کو ڈی جی پی ڈی اے تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔نجی ٹی وی کے مطابق 3 ماہ سے ظفر علی شاہ کے پاس ڈی جی پی ڈی اے کا اضافی چارج تھا، تاہم اب انھیں مستقل طور پر پراجیکٹ ڈائریکٹر تعینات کر دیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ محکمہ بلدیات نے ظفر علی شاہ، مطیع اللہ خان اور عطا الرحمان کے نام بھجوائے تھے، وزیر اعلی کے پی محمود خان نے ڈی جی پی ڈی اے کے لیے ظفر علی شاہ کے نام کی منظوری دے دی۔ڈی جی پی ڈی اے کے نام کی منظوری آج کے پی کابینہ سے بھی لی جائے گی۔ خیال رہے کہ بی آر ٹی منصوبے کے دوران پی ڈی اے کے 3 ڈی جیز کو ہٹایا جا چکا ہے۔گزشتہ ماہ وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد نے کہا تھا کہ 30 جون 2020 تک بی آر ٹی منصوبہ مکمل کر لیں گے، ٹھیکے دار کے ساتھ معاہدہ ہو گیا ہے، وقت پر کام مکمل ہو جائے گا، اگر کام وقت پر مکمل نہیں کیا گیا تو جرمانہ عائد کریں گے۔اس سے قبل ایف آئی اے نے پشاور میں ہائی کورٹ کے حکم پر بی آر ٹی منصوبے کی انکوائری شروع کی تھی، تاہم رواں ماہ کے آغاز میں سپریم کورٹ نے بی آر ٹی پشاور کی تحقیقات کے حکم پر عمل درآمد روک دیا تھا، اور منصوبے کی لاگت اور تکمیل کی تفصیلات طلب کر لی تھیں۔ سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے معاملہ جوں کا توں رکھنے کا حکم بھی دے دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں