وزیراعظم آزادکشمیر سے علی امین گنڈاپور کی ملاقات، مقبوضہ وادی کی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان سے وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور نے ملاقات کی اس دوران مقبوضہ وادی کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ ملت اسلامیہ پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے بے مثال مظاہرے سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے دورہ مظفرآباد سے سیز فائر لائن کے اس پار مثبت پیغام جائے گا، مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا دیا گیا ہے اسی لاکھ کی آبادی محصور ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ اپنے بھائیوں کو یہ پیغام دیا جائے کہ وہ اکیلے نہیں پاکستان اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کی عوام ان کے ساتھ ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر امور کشمیر علی امین خان گنڈا پور نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا دورہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کے لیے ہے، جلسہ قومی یکجہتی کا پیغام ہوگا، صرف پاکستان اور آزادکشمیر کے پرچم لہرائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی کشمیر کے معاملے پر سفارتی کامیابیاں تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچائیں گی، یہ پروگرام پاکستان کا کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا قومی پروگرام ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی کشمیر کے معاملے پر سفارتی کامیابیاں مسئلہ کشمیر کے دیرپا حل کی جانب اہم ثابت ہوں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں