ٹیکس اہداف،وزیر اعظم نے منی بجٹ کی تجویز رد کر دی

اسلام آباد(سی این پی ) وزیر اعظم عمران خان نے آئی ایم ایف کی شرائط اور ٹیکس اہداف پورے کرنے کے لیے منی بجٹ لانے کی تجویز رد کر دی۔ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ سال 21-2020 کی تیاریاں جاری ہیں اور وزیر اعظم عمران خان نے ہر وزارت کو عوامی فلاح کا منصوبہ بنانے کی ہدایت کر دی۔وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ہر وزارت عوام کی بہتری کے لیے مختصر، درمیانی اور طویل مدتی منصوبے بجٹ میں سامنے لائے جبکہ معاشی ٹیم کو ایسے منصوبوں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مختص کرنے کی ہدایت کر دی۔ رواں ہفتے معاشی ٹیم کے اجلاس میں ایسے منصوبوں پر بات ہو گی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)کی شرائط اور ٹیکس اہداف پورے کرنے کے لیے منی بجٹ لانے کی تجویز بھی رد کر دی جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کو ٹیکس وصولیوں کے لیے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کر دی۔وزیر اعظم نے منی بجٹ کی تجویز رد کرتے ہوئے مقف دیا کہ مہنگائی کی موجودہ صورت حال میں منی بجٹ عوام پر مزید مہنگائی مسلط کرے گا۔ اس سے قبل وزیر اعظم نے تیل کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کی وزارت خزانہ کی تجویز بھی رد کر دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں