کوروناوائرس ،ملک کے تمام موٹرویزمسافرگاڑیوں کے لئے مکمل بند

اسلام آباد(سی این پی) ترجمان موٹروے پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلائوکے خدشے کے پیش نظر تمام موٹرویز پرہر قسم کی مسافر بردار گاڑیوں کاداخلہ بند کر دیا گیاہے ۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس پھیلا ئوکے خلاف لاک ڈائون کی حمایت میں تمام موٹر ویزکو مسافر بردارٹریفک کے لئے سے بند کیا جارہا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹرویز پر تمام مسافر گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیاہے تاہم مال برادر، تیل کی ترسیل اور اشیائے خوردو نوش لے جانے والی گاڑیوں کوکم سے کم عملے کے ساتھ موٹرویز استعمال کرنے کی اجازت ہو گی ۔ جبکہ نجی گاڑیوں کو دو یا دو سے کم افراد کے ساتھ سفر کرنے کی تسلی بخش صحیح وجہ بعد از تصدیق داخلہ کی اجازت ہو گی۔ اس حوالے سے موٹروے پر موجود تمام ٹول پلازوں کو مطلع کر دیا گیاہے ۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلا ئوکو روکنے کے لئے لاہور ،کراچی ،اسلام آباد سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں لاک ڈائون پرسختی سے عملدرا مد جاری ہے ۔ بازار اور شاپنگ مالز بدستور بند ہیں جبکہ جگہ جگہ پولیس اور فوج نے ناکے لگا رکھے ہیں۔واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1102 جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 8ہوگئی۔سندھ میں 417 ، پنجاب میں 323، بلوچستان میں 131 مریض ہیں ، خیبرپختونخوا میں 121 ، اسلام آباد میں 25 ،آزاد کشمیرمیں ایک، گلگت بلتستان میں 81 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 21 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں