مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کو بنیادی سہولتوں تک رسائی دی جائے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(سی این پی) ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کو بنیادی سہولتوں تک رسائی دی جائے۔تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں صورتحال پر سخت تشویش ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت فوری کمیونی کیشن بحال اور لاک ڈائون ختم کرے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کرونا وباء سے نبرد آزما ہونے کے لیے وسائل بروئے کار لارہے ہیں، وزیر خارجہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے مختلف وزرائے خارجہ سے رابطے میں ہیں، سارک وزرائے صحت ویڈیو کانفرنس کے انعقاد کے خواہاں ہیں۔عائشہ فاروقی نے کہا کہ کرونا وائرس سے پاکستان سمیت پوری دنیا کو چیلنج کا سامنا ہے، دفتر خارجہ میں ایمرجنسی سینٹر مسلسل کام کررہا ہے، کرائسز مینجمنٹ سیل، دفتر خارجہ، پاکستانی مشنز رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ایئرپورٹس پر پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے کام کررہے ہیں، سعودی عرب، یو اے ای، قطر کے علاوہ بنکاک سے پاکستانی واپس لائے گئے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ روم میں پھنسے پاکستانیوں کو ہمارے مشن نے واپس ان کے گھروں تک پہنچایا ہے۔عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے فون پر رابطے کیے ہیں، شاہ محمود قریشی نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر زور دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے سارک وزرا صحت کی جلد ویڈیو کانفرنس پر زور دیا، شاہ محمود قریشی نے فرانس، جرمن وزرائے خارجہ سے ایران پر پابندیوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں