غریب کی مشکلات کے ازالے کے لیے کرونا ٹائیگر فورس عمل میں لائی جا رہی ہے،وزیرخارجہ

اسلام آباد(سی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ غریب کی مشکلات کے ازالے کے لیے کرونا ٹائیگر فورس عمل میں لائی جا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی عثمان ڈار کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کرونا وائرس کے لیے خصوصی فنڈ، ٹائیگر فورس کی تشکیل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوجوانوں کو ضرورت مندوں کی مدد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، کم آمدنی والے غریب طبقے کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ غریب کی مشکلات کے ازالے کے لیے کرونا ٹائیگر فورس عمل میں لائی جا رہی ہے، نوجوانوں نے ہر مشکل میں بہترین جذبے کا مظاہرہ ،بے لوث خدمات دیں۔عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ کرونا ٹائیگرفورس کی تشکیل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، نوجوانوں کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر حصہ بنایا جائے گا، رضا کار فورس کو گھروں تک راشن سپلائی کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔معاون خصوصی برائے امور نوجوان نے کہا کہ رضا کار فورس قرنطینہ میں رکھے افراد کی پہراداری کے لیے ہوگی،رجسٹریشن 31 مارچ سے 10 اپریل تک سیٹیزن پورٹل سے مکمل ہوگی۔یاد رہے کہ تین روز قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نوجوانوں کی ایک رضا کار فورس بنا رہے ہیں، سٹیزن پورٹل کے ذریعے لوگ اپنی رجسٹریشن کریں گے،31 مارچ سے نوجوان سٹیزن پورٹل پر اپنی رجسٹریشن کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں