وزیراعظم کا مختلف شہروں میں آٹے کی قلت پربرہمی کا اظہار

اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف شہروں میں آٹے کی قلت پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے پرصوبے بھی ایکشن لیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا وائرس کے باعث ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور کورونا ریلیف پیکج کی منظوری دے دی گئی، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ روز کوروناریلیف پیکج منظورکیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مختلف شہروں میں آٹے کی قلت کی شکایات پر وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ جب آٹاوافرمقدار میں موجودہے توکون قلت پیدا کر رہا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیر فوڈ سیکیورٹی کو فوری ایکشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل قبول ہے، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے پرصوبے بھی ایکشن لیں۔عمران خان نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزی ہو رہی ہے تو ایسے افرادکوبنا رعایت سزائیں دیں۔اجلاس میں وفاقی وزرا نے حکومتی اقدامات کی بہتر تشہیر نہ ہونے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کے بروقت،درست اقدامات کو نمایاں انداز میں پیش نہیں کیاگیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر مراد سعید اور فیصل واوڈا نے بھی معاملہ کابینہ کے سامنے اٹھایا اور کابینہ اجلاس کے دوران ایکسپورٹرز کا مال روکے جانے کے معاملے پر بھی بحث ہوئی۔وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ رائس ایکسپورٹرز کا 2ارب روپے کا مال خراب ہو رہا ہے، ایکسپورٹرز کیلئے گزشتہ ہفتے ایس آراوجاری کرنے کی ہدایت کی تھی، وزیراعظم کی ہدایات کے باجود تا حال عمل درآمد نہیں ہوا۔وزیراعظم عمران خان نے ایکسپورٹرز کا مال روکے جانے کی اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا گڈزٹرانسپورٹ سمیت ایکسپورٹرزکا مال نہیں روکا جانا چاہئے، متعلقہ وزارت اور اعلی حکام معاملے کو فوری دیکھیں۔کابینہ ارکان نے کہا کہ ٹرک اڈوں پرٹرانسپورٹرز کیہوٹلزبندہیں،ڈرائیورز کچھ کھا پی نہیں سکتے جبکہ کابینہ میں ٹرانسپورٹرز کے لئے مخصوص ہوٹلز کھولے جانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں