غیر تصدیق شدہ کٹس کا کوئی احتمال نہیں، این ڈی ایم اے کا فواد چوہدری کو جواب

اسلام آباد(سی این پی)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کی غیر تصدیق شدہ ٹیسٹنگ کٹس سے متعلق وارننگ پر وضاحت دے دی۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ صوبائی حکومتوں اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کو وارننگ دینا چاہتا ہوں، وائرس کی غیر تصدیق شدہ ٹیسٹنگ کٹس کی بھرمار ہورہی ہے۔اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے بھی ٹوئٹر پر فواد چوہدری کو وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ٹیسٹ کٹس چین میں پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے آرہی ہیں اور یہ کٹس چینی حکومت سے تصدیق شدہ ہیں، غیر تصدیق شدہ کٹس کا کوئی احتمال نہیں۔واضح رہے کہ چینی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ٹیسٹنگ کٹس، طبی آلات کی در آمد کا سلسلہ جاری ہے جب کہ چند روز قبل سامان کے ساتھ چینی ڈاکٹرز پر مشتمل ایک وفد بھی پاکستان پہنچا ہے جو ملکی ڈاکٹرز کو وائرس پر قابو پانے کے لیے رہنمائی کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں