بجٹ سے قبل تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، اسد قیصر

اسلام آباد (سی این پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بجٹ2020-21 سے متعلق پارلیمانی رہنمائوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ بجٹ سے متعلق سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا ضروری سمجھتا ہوں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف اور بجٹ کو بروقت پیش کرنا پارلیمنٹ کی ذمے داری ہے، کرونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے عوام کو بے پناہ مالی مشکلات کا سامنا ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ پارلیمنٹ اور عوام کو مل کر ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ہو گا، بجٹ بروقت پیش کرنے پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے پارلیمان میں عوامی اہمیت کے حامل تمام امورپرکام جاری رہے، کمیٹیوں کے اجلاس کو ویڈیولنک سے جاری رکھنے کا فیصلہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہاکہ پوری دنیا کو اس وقت کوروناوائرس نے جکڑاہواہے، وبا سے نبرد آزما ہونے کے لیے سب کو قومی یکجہتی کے مظاہرے کی ضرورت ہے، احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے پارلیمانی ذمے داریوں کو بھی نبھانا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں