عالمی ادارہ صحت نے کورونا سے بچا ئوکا حفاظتی سامان پاکستان کو فراہم کردیا

اسلام آباد(سی این پی) عالمی ادارہ صحت نے(ڈبلیو ایچ او)کورونا سے بچا ئوکے لیے حفاظتی سامان پاکستان کو فراہم کردیا۔عالمی ادارہ صحت کے نمائندے نے حفاظتی سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے)حکام کے سپرد کیا جس میں 15 ٹیسٹنگ مشینیں اور 15 ہزار کٹس شامل ہیں۔اس موقع پر عالمی ادارہ صحت کی نمائندہ ڈاکٹر پالیتھا گناراتھا نے کہا کہ عالمی ادارے نے یہ آلات کوروناوائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے سے متعلق پاکستان کی کوششوں میں تعاون کے طور پر دیے ہیں۔اس متعلق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا کہ این 95 ماسک کے علاوہ تمام حفاظتی سامان ملک میں تیار ہو رہا ہے۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ ملک میں اس وقت 37 ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کررہی ہیں، مزید 25 لیبارٹریوں کو جلد فعال کردیا جائے گا کیونکہ یومیہ 50 ہزار سے زائد ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں داخل ہونے والوں کی موثر چیکنگ کا نظام وضع کیا ہے اور ساتھ ہی کورونا ٹیسٹ کے لیے 100 موبائل لیبارٹریاں بھی قائم کی جارہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں