سندھ حکومت سے بلدیاتی الیکشن کیلئے تفصیلات طلب

کراچی(سی این پی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ حکومت سے آئندہ بلدیاتی الیکشن کیلئے تیاریوں سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے۔سندھ حکومت سے دو الگ الگ مراسلوں کے زریعے نئے بلدیاتی ایکٹ، نئی مردم شماری کے مطابق اضلاع کی حدود، نقشے اور آئندہ بلدیاتی الیکشن کیلئے یونین کونسل، یونین کمیٹیز، وارڈز، میونسپل کمیٹیز اور ٹائون کمیٹیز کی تفصیلات طلب کی گئیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے 9اپریل کو لکھے گئے مراسلے میں سندھ حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کا ترمیمی مسودہ جو الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق ہو وہ ارسال کریں اور الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں کہ سندھ میں آئندہ بلدیاتی قانون میں کس نوعیت کا ہوگا۔ بلدیاتی ایکٹ کے تحت کس بنیاد پر الیکشن، بلدیاتی حلقہ بندیاں اور نشستوں کی تعداد کیا ہوگی۔اسکے بعد 10 اپریل کو ایک اور مراسلہ سندھ حکومت کو ارسال کیا گیا جس میں سیکریٹری محکمہ بلدیات سندھ کو کہا گیا ہے کہ وہ سندھ کے اضلاع کے نقشے، انکی حدود اور مردم شماری 2017 کی مردم شماری کے مطابق بلدیاتی کونسلز کی نشستوں کی تعداد سے آگاہ کیا جائے۔سندھ حکومت سے آئندہ بلدیاتی الیکشن کیلئے صوبے بھر میں بلدیاتی کونسلز اور انکی نشستوں کی تعداد کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں جس کے بعد سندھ میں آئندہ بلدیاتی الیکشن کیلئے ازسرنو حلقہ بندیوں کا آغاز ہوگا۔اس ضمن میں صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کی جانب سے تمام ڈسڑکٹ الیکشن کمشنرز کو 13 اپریل کو ایک اور مراسلہ ارسال کیا گیا جس میں کہا گیا کہ سندھ میں آئندہ بلدیاتی الیکشن کے تناظر میں حلقہ بندیوں کیلئے اقدامات کا آغاز کیا جائے اور نئی مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیوں کیلئے درکار تفصیلات جمع کی جائیں۔صوبائی الیکشن کمشنر نے ضلعی الیکشن افسران کو ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی حلقہ بندیوں کیلئے ہر ضلع میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دیں جس میں ضلعی انتظامیہ کا ایک افسر، ایک محکمہ تعلیم کا افسر اور ایک ڈسڑکٹ الیکشن کمشنر شامل ہوگا ان کے نام ارسال کیے جائیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ میں بلدیاتی کونسلز کی مدت اگست 2020 میں ختم ہو رہی ہے اور الیکشن قواعد کے تحت لوکل کونسلز کی مدت ختم ہونے کے بعد 120 دن کے اندر نئے بلدیاتی الیکشن کرانا آئینی تقاضا ہے۔دوسری جانب سندھ حکومت نے کرونا وائرس کی حالیہ صورتحال کے تناظر میں مجوزہ بلدیاتی الیکشن، نئی حلقہ بندیوں اور موجودہ بلدیاتی کونسلز کی مدت کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔زرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت فی الحال مجوزہ بلدیاتی ایکٹ کے مسودے پر کام کرنے سے گریزاں ہے اور یہ تجویز زیر غور ہے کہ الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا جائے گا کہ نئے بلدیاتی قانون کے مسودے کیلئے کچھ قت درکار ہوگا جبکہ سندھ حکومت آگاہ کرے گی کہ ضلعی افسران ان دنوں کرونا وائرس کی صورتحال سے نبرد آزما ہیں اس لیے حلقہ بندیوں کا آغاز ممکن نہیں ہوسکے گا۔زرائع کا کہنا ہے کہ یہ تجویز بھی سندھ حکومت کے پاس زیر غور ہے کہ موجودہ بلدیاتی کونسلز کی مدت ختم ہونے کے بعد کچھ وقت کیلئے نئے بلدیاتی الیکشن موخر کرانے کی درخواست کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں