راشن کی تقسیم،پولیس اہلکار کی فائرنگ سے خاتون جبکہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہری جاں بحق

کراچی (سی این پی )پی آئی بی کالونی میں راشن تقسیم کے معاملے پر پولیس اہلکار آپے سے باہرہوگیا،عوام کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کردی،گھر کے اندرکھڑکی میں خاتون جاں بحق ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق پی آئی بی کالونی کے علاقے پرانی سبزی منڈی گور آباد نشتر بستی میں دو فلاحی تنظیموں کے درمیان راشن تقسیم کے معاملے پر تصادم ہوگیا۔ لوگوں کو منتشر کرنے کے لئے پولیس اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں صبا نامی خاتون گولی لگنے سے حاں بحق ہوگئی۔پولیس کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل عظیم سمیت موقع پر موجود چاروں اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے ، ایس پی گلشن اقبال واقعہ کی مزید تحقیقات کررہے ہیں۔دوسری جانب راشن کی تقسیم کے دوران تلخ کلامی ایک شخص کی جان لے گئی ،سرجانی میں فائرنگ کے نتیجے میں جاوید نامی شخص جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے ،گزشتہ روزفلاحی اداروں کی جانب سے راشن تقسیم کے دوران شرپسند افراد اورعلاقہ مکینوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، واقعہ کے اگلے روزگھر کے باہر بیٹھے افراد پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے جاوید نامی شخص کو قتل کردیا جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے، مقتول جاوید کے بھائی کا کہنا ہے کہ راشن کی تقسیم کے دوران تلخ کلامی ہوئی انتظامیہ کو بتایا گیا مگر انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم رحمان کہتے ہیں جاں بحق اور زخمی افراد ہمارے کارکن ہیں، فائرنگ کرنے والے ملزمان کو گرفتارکیا جائے ۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم رحمان کہتے ہیں کہ واقعہ انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے پیش آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں