شہری احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلوں پر سختی سے عمل کریں،فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد(سی این پی)فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تمام شہریوں کو حقوق و فرائض میں توازن پیدا کرنا ہوگا، شہریوں سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلوں پر سختی سے عمل کریں، یہ جنگ عوام کی مدد اور تعاون کے بغیر نہیں جیتی جاسکتی۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ذمہ دار شہری کا کردار ادا کرتے ہوئے احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، کرونا کا واحد علاج احتیاط اور پرہیز ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈائون میں نرمی عوام کی زندگیوں میں آسانی، اشیائے ضروریہ کی بروقت فراہمی اور دیگر سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے کی ہے۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا لاک ڈائون میں نرمی کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ کرونا کا چیلنج ختم ہوگیا ہے، اس وبا سے جنگ جاری ہے، ہم نے خود کو بھی محفوظ رکھنا ہے اور دوسروں کو بھی بچانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں