حکومت کا افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو رواں ہفتے وطن واپس لانے کا فیصلہ

اسلام آباد(سی این پی)حکومت نے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو رواں ہفتے وطن واپس لانے کا فیصلہ کرلیا، وطن واپسی پر مسافروں کو 7 دن قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔وزیراعظم نے کرونا وائرس کے باعث افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے معاملے پر چیئرمین سیفران کمیٹی سینیٹر تاج آفریدی کے خط پر ایکشن لیا۔ عمران خان نے طورخم بارڈر پر قرنطینہ سینیٹر کے قیام کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔معاون خصوصی قومی سلامتی معید یوسف نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سیفران کے چیئرمین تاج آفریدی کو فون کیا اور کہا طورخم، چمن بارڈر پر پھنسے پاکستانیوں کو جلد وطن واپس لایا جائے گا۔ سنیٹر تاج آفریدی نے کہا بارڈر پار پاکستانی مسافروں اور ڈرائیوروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔خیال رہے گزشتہ روز سنیٹر تاج آفریدی نے وزیراعظم عمران خان سے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو واپسی کے لئے خط لکھا تھا، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے بھی وزیراعظم عمران خان سے طور خم اور چمن بارڈر پر پھنسے پاکستانیوں کو واپسی کی درخواست کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں