10 ماہ سے حمزہ شہباز کی گرفتاری بدترین سیاسی انتقام ہے، مریم اورنگزیب

لاہور(سی این پی)مریم اورنگزیب نے حمزہ شہباز کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا دس ماہ سے حمزہ شہباز کی گرفتاری سیاسی انتقام اور نیب نیازی گٹھ جوڑ کی بدترین مثال ہے۔مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے 10 ماہ میں عدالتوں میں کچھ بھی ثابت نہ کرنے کے باوجود حمزہ شہباز ناحق قید میں ہیں، نیب نیازی گٹھ جوڑ کا نشانہ بننے والوں کی ناحق قید کا ازالہ کون کرے گا، حمزہ شہباز کا اصل قصور نواز شریف کا بھتیجا اور شہباز شریف کا بیٹا ہونا ہے، جہانگیر ترین اور حکومتی وزرا کی نیب انکوائریاں بند پڑی ہیں، کسی میں انہیں کھولنے کی ہمت نہیں ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا اپوزیشن اور میڈیا کے لوگوں کو محض انکوائری اور الزام پر گرفتار کر لیا جاتا ہے، عمران مافیا عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالے تو کوئی پوچھنے والا نہیں، حکومت میں موجود آٹا، چینی، گیس، بجلی چوری کرنے والوں کی فائلیں اور نیب کی آنکھیں بند ہی رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں