بلوچستان میں لاک ڈائون میں 5 مئی تک توسیع، تمام پابندیاں برقرار

کوئٹہ (سی این پی)کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں لاک ڈائون میں 5 مئی تک توسیع کردی گئی جس میں تمام پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی۔صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈائون میں توسیع 5 مئی دوپہر 12بجے تک کی گئی ہے اور اس دوران تمام پابندیاں بدستور جاری رہیں گی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں عوامی مقامات پر 10یا 10سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی برقرار ہے جب کہ نجی اور سرکاری مقامات پر ہر قسم کے اجتماعات پر بھی پابندی ہے۔اس کے علاوہ درباروں، درگاہوں سمیت تمام مقامات پر اجتماعات پر بھی پابندی برقرارہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق شہر، بین الاضلاعی، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی رہے گی جب کہ خاتون یا معمرافراد کے علاوہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور کار میں 2 افراد سے زائد کی سواری پر بھی پابندی رہے گی البتہ بیمار شخص کی صورت میں کار میں تیسرے شخص کی سواری کی اجازت ہوگی۔بلوچستان میں تمام تعلیمی ادارے، دفاتر، کوچنگ سینٹرز اور مدارس 31 مئی تک بند رہیں گے جب کہ شاپنگ مالز، سنیما، فارم ہائوسز، پکنک پوائنٹس، شادی ہالز، لان، جم،کلب سمیت کھیلوں کے میدان، تربیتی مراکز، ہوٹلز، بیوٹی پارلرز، شورومز، لگژری سامان کے اسٹور بھی بند رہیں گے۔لاک ڈائون میں صرف صحت، خوراک اورفوڈ پیکنگ کے شعبے سے منسلک افراد پابندی سے مستثنی ہوں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق 3 فٹ سے زائد فاصلہ برقراررکھنے پر بھی سختی سے عملدرآمد ہوگا۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا کسیز کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، اب تک بلوچستان میں متاثرین کی تعداد 465 ہے جب کہ 6 مریض بھی انتقال کر گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں