عالمی معیشت پر دباﺅسے ملکی معیشت بھی متاثر ہوئی ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ترجیح پسے ہوئے کمزور طبقات کا تحفظ ہے‘ ہمیں اتحاد و اتفاق اور یکجہتی کو فروغ دینا ہے‘ عالمی معیشت پر دباﺅسے ملکی معیشت بھی متاثر ہوئی ہے‘ صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں‘ ہماری بات صرف عوام کے مفاد کیلئے ہونی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا وائرس کے تناظر میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے موثر کمیونیکیشن اسٹریٹیجی مہم کیلئے صوبائی وزراءاطلاعات اور ترجمانوں کے چوتھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ویڈیو کانفرنس میں ناصر حسین شاہ، اجمل وزیر ، لیاقت شاہوانی اور فیاض الحسن چوہان نے شرکت کی ۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا وباءکے بعد وفاقی و صوبائی وزراءاطلاعات کا ویڈیو کانفرنس کے ذریعے یہ چوتھا اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔ان اجلاسوں میں بھر پور شرکت اور گہری دلچسپی پر آپ سب کی شکر گزارہوں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی میں کئے گئے فیصلوں اور حقائق کو موثر کمیونیکیشن کے ذریعے عوام تک پہنچانا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی ترجیح پسے ہوئے کمزور طبقات کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز ، علماء، میڈیا اور سول سوسائٹی کی رائے ہمارے لئے مقدم ہے ہم سب کی تجاویز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہمارے فیصلوں اور پالیسی کا محور پاکستان کے عوام ہیں۔ عوام کو مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، ان کے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا قومی مسئلہ ہے ، اس پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ عوام میں یہ پیغام جائے کہ ہم سب کورونا کے خلاف یکسو اور متحد ہیں۔ عالمی معیشت پر پڑنے والے دبائوسے پاکستان کی معیشت بھی متاثر ہوئی۔ موجودہ حالات کے پیش نظر عوام کو ریلیف کی فراہمی ہماری پہلی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل سے ہم نے حکمت و تدبر سے باہر نکلنا ہے۔ گذشتہ اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو حفاظتی کٹس کی فراہمی کا آغاز کیا جائے گا۔ آج کیمرہ مینز ویڈیو جرنلسٹس میں حفاظتی کٹس کی تقسیم کا آغاز کیا ہے، اگلے مرحلے میں مزید صحافیوں کو کٹس فراہم کی جائیں گی۔ صوبوں میں وزراءاطلاعات کے ذریعے کٹس تقسیم کی جائے گی۔ میڈیا ورکرزمیں راشن کی تقسیم کا لائحہ عمل زیر غور ہے۔ تما م وزراءاپنے صوبے میں صحافیوں کی لسٹیں فراہم کریں تاکہ ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلبز کو کورونا وائرس سے بچانا ضروری ہے، این ڈی ایم اے کے تعاون سے ہم انہیں ڈس انفیکیٹ کرنے کا لائحہ عمل بنا رہے ہیں۔ صحافیوں کی تنخواہوں کے مسئلے کے حل کے لئے کوشاں ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل میڈیا کمیٹی نے وزارتوں کو میڈیا کے واجبات ادا کرنے کی تاکید کی ہے۔ جب کوئی صوبہ کسی میڈیا ہاﺅس کو واجبات کی ادائیگی کا چیک دے تو متعلقہ محکمہ اطلاعات اس کے ساتھ صحافیوں کی تنخواہ کی ادائیگی کو بھی یقینی بنائے۔ ہماری بات صرف عوام کے مفاد میں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی چار اکائیوں ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کو ساتھ لیکر مشاورت سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ ہم نے ہم آہنگی اور یکجہتی کی فضا کو برقرار رکھنا ہے، اس ضمن میں وزراءاطلاعات کو زیادہ محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اتحاد و اتفاق اور یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔ اس جنگ کے اہم سپاہی ڈاکٹرز اور طبی عملہ ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈاکٹرز کے تحفظات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ان کی دل آزاری نہیں ہونی چاہئے۔صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وضاحت کر دو کہ ٹائیگرفورس کے نام پر اعتراض تھا ، لیکن ہم نے انتظامیاں کو کہہ دیا ہے کہ ہر ضلع میں ٹائیگرفورس کو سہولت دیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہم سب کی ترجیح ہے۔ ہم نے ایک ارب اور آٹھ کروڑ روپے کا راشن کا تقسیم کیا ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان میں میڈیا ورکز کے لئے حفاظتی سامان جلد پہنچایا جائے۔ پریس کلبز میں کورونا کی روک تھام اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 32 کروڑ روپے صحافیوں کی ویلفیئر کیلئے رکھے ہوئے ہیں۔ ڈیجیٹل میڈیا کیلئے اشتہارات کی فراہمی کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں