پی ٹی آئی نے قائداعظم کے وژن میں پاکستان کو جدید اسلامی فلاحی ریاست میں ڈھالنے کے 24 سال قبل اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا

اسلام آباد(سی این پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کی روشنی میں پاکستان کو جدید اسلامی فلاحی ریاست میں ڈالنے کے 24 سال قبل اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا جس کا مقصد قانون کی بالادستی، ریاست و قومی وسائل کو اشرافیہ کے مضبوط شکنجے سے نکالنا اور محروم اور نادار شہریوں کو غربت سے نجات دلانا تھا، ہماری جدوجہد کسی بھی سیاسی جماعت سے زیادہ طویل، کٹھن اور صبر آزما رہی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 24 برس قبل آج ہی کے دن تحریک انصاف نے قائد کے وژن کی روشنی میں پاکستان کو ایک جدید اسلامی فلاحی ریاست کی صورت میں ڈھالنے کے اپنے نصب العین کی جانب سفرکا آغازکیا۔اس مقصد کیلئے ہمیں یہ سنگ میل عبور کرنا تھے کہ قانون کی ایسی بالادستی کا قیام ہو جس میں سب برابر اور طاقتور اسکے تابع ہوں، ریاستی و قومی وسائل کو اشرافیہ کے مضبوط شکنجے سے چھڑوا کر انکی ازسرِ نو اور قدرے منصفانہ تقسیم کہ محروم اور نادار شہریوں کیلئے غربت سے نجات ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری یہ جدوجہد کسی بھی سیاسی جماعت سے زیادہ طویل، کٹھن اور صبر آزما رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج وہ بانی ارکان نعیم الحق، احسن رشید اور سلونی بخاری کو بھی یاد کرتے ہیں جن کی رفاقت سے آج وہ محروم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں