سابق وزیر اعظم نوازشریف کے وارنٹ‌گرفتاری جاری

اسلام آباد(سی این پی) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے وارنٹ گرفتار ی جاری کردیے۔تفصیلات کے مطابق نیب نے میر شکیل الرحمان اراضی کیس میں نوازشریف کو سوالنامہ ارسال کیا مگر انہوں نے تفتیشی ٹیم کو کوئی جواب نہ دیا۔نیب نے نوازشریف سے اراضی الاٹمنٹ کے حوالے سے سوال پوچھا۔ یاد رہے کہ 1988 میں نوازشریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اراضی نجی ٹی وی کے مالک میر شکیل کو دی تھی۔قومی احتساب بیورو نے سوالنامہ نوازشریف کی پاکستان میں موجود دو رہائش گاہ اور لندن کے فلیٹ ایون فیلڈ پر ارسال کیے مگر سابق وزیراعظم نے اس معاملے پر نیب کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔نیب کے مطابق سوالنامے سے پہلے نوازشریف کو پیشی کے لیے متعدد نوٹس بھی جاری کیے گئے، قومی احتساب بیورو نے نوازشریف کو اشتہاری قرار دلوانے کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے دور میں میر شکیل کو 54 پلاٹس پر رعایت ملی۔ نیب ذرائع کے مطابق میر شکیل کے دو گھروں کے بجلی، گیس، پانی کے اخراجات قومی خزانے سے ادا کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں