کورونا وائرس کا تیزی سے پھیلائو، محکمہ صحت بلوچستان نے خبر دار کردیا

کوئٹہ (سی این پی)محکمہ صحت بلوچستان نے خبر دار کیا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، پہلی مرتبہ مسلسل دو روز کے دوران 125 کیسز رپورٹ ہوئے، وائرس کے شکار مریضوں میں30سے 40سال عمر تک کے افراد سب سے زیادہ ہیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے 26اپریل تک کی کورونا وائرس کی صورتحال جاری کردی گئی ہے ، رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبے میں مقامی سطح پر کورونا وائرس کے شکار مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، 25 اپریل کو 66 اور 26اپریل کو 59 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو کسی بھی دو روز کے دوران رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔رپورٹ کے مطابق صوبے کے 17اضلاع سے کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں سب سے زیادہ کوئٹہ سے 525 پشین سے 31اور جعفر آباد سے21چاغی سے 14مستونگ سے 13 قلعہ عبداللہ سے 8سبی اور لورالائی سے سات سات ،نوشکی سے چار خاران اور زیارت سے دو دو جبکہ ہرنائی خضدار کچھی موسی خیل صحبت پور اور ژوب بھی کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔رپورٹ میں بتا یا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں رینڈم ٹیسٹنگ کے دوران گلی محلوں سے لئے گئے 140ٹیسٹ سیمپلز میں سے19میں کورونا کی تصدیق ہوگئی ہے، مریضوں میں 30سے 44سال کے عمرکے مریض سب سے زیادہ ہیں جبکہ 15 سے 29سال کے عمر کے 25.76فیصد مریض ہیں۔محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ تناسب کے لحاظ سے وائرس کا وارسب سے زیادہ 60سال سے زائد عمر کے افراد پر دیکھا جارہا ہے ، کورونا وائرس کے مریضوں میں خواتین 26جبکہ مرد 74فیصد ہیں، 78 فیصد مریضوں میں معمولی علامات ظاہر ہوئے ہیں، 13فیصد کو بخار، 13فیصد کو کھانسی اور 2فیصد کو سانس میں تکلیف کی شکایت ہے جبکہ مریضوں اوسطا 16سے 17دن میں صحت یاب ہورہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 781ہے ، 176صحت یاب جب کہ 13اموات ہوئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں