سندھ میں میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات کا فیصلہ اسٹیرنگ کمیٹی کرے گی،سعید غنی

کراچی (سی این پی)وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ سندھ میں میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیرنگ کمیٹی کرے گی۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے تمام بورڈز کے امتحانات کی منسوخی کے اعلان کے بعد وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ میں بورڈز کے امتحانات ہونے یا نا ہونے کا فیصلہ محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیرنگ کمیٹی کرے گی، وزرائے تعلیم کے اجلاس میں سندھ نے اسکول کھولے جانے کی تاریخ بڑھانے کی بات کی تھی۔وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ جوبچے ایک یا دو پرچوں میں رہ گئے ہیں ان کا کیا ہوگا،جوبھی فیصلہ کریں گے اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کریں گے، جوتین چار روز میں بلا رہے ہیں۔سعید غنی نے مزید کہا کہ اس وقت صوبہ میں یکم جون سے تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنا کا کوئی آپشن نظر نہیں آتا، صوبائی حکومت کے تمام فیصلوں کا مقصد صوبے میں لوگوں کی زندگی اور صحت کی حفاظت کرنا ہے تاہم تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔گذشتہ روز اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا اسکول اورتعلیمی ادارے15 جولائی تک بند رہیں گے، تمام بورڈزکے امتحانات منسوخ کردیے ہیں،پروموشن ہوگی۔شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پروموشن گزشتہ سال کے نتائج کی بنیادپردی جائیگی جبکہ جامعات میں داخلے گیارہویں جماعت کے نتائج کی بنیادپردیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں