وزیراعلی سندھ کا(کل )پیر سے دکانیں کھولنےکا اعلان

کراچی (سی این پی) وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے صوبے بھر میں دکانیں کھولنے کااعلان کردیا۔ دکانیں صبح 6 سے شام 5 بجے تک کھلیں گی ، شاپنگ مالز بند رہیں گے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی ٰسندھ مرادعلی شاہ اورتاجر رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی ، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کل سے دکانیں کھولنے کا اعلان کردیا، تاہم ایس او پیز پر عمل درآمد کی زمہ داری تاجروں پر ہوگی ۔ صوبے بھر میں کل سے صبح 6 سے شام 5 بجے تک دکانیں کھولی جائیں گی جبکہ شاپنگ مالز بند رہیں گے۔ وزیراعلی ٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے ، ہم وفاقی حکومت سے وقت بوقت بات کرتے رہے، پبلک ٹرانسپوٹ، ایئر پورٹ کھولنے پر میں نے اعتراض کیا تھا، وفاقی حکومت رات کو کاروبار کھولنا چاہتی تھی جس پر ہم نے اعتراض کیا، وفاقی حکومت نے ہماری بات تسلیم کی،یہ ہمارے اوپر لازم ہے کہ ہم کاروبار بند رکھنا چاہتے ہیں، یہ چاروں صوبوں اور وفاق کا متفقہ فیصلہ تھا۔وزیراعلی سندھ نےکہا کہ یہ مشکل فیصلہ کرتے ہوئے ہمارا بھی دل دکھا، اب واپس کاروبار کھولنے والا فیصلہ بھی انتہائی مشکل ہے، اس وقت کیسز پیک پر جا رہے ہیں، ہمارے لاک ڈاؤن سے فائدہ ہوا ہے۔ میں نے وفاقی حکومت سے بھی بات کی ہے، کاروباری لوگ شدید مشکل میں ہیں، اب ہمارے خلاف ایک سیاسی کاروبار شروع ہوگیا ہے۔ ترجمان وزیراعلی ٰ سندھ کے مطابق سیکریٹری داخلہ نے تاجروں کو بتایا کہ کون سے کاروبار کھلیں گے اور ایس او پیز کیا ہوں گے ، تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ہفتے میں چار روز کاروبار کھولے جائیں گے ، ہمیں ہر شخص تک ایس او پیز پہنچانی ہے، تاجروں نے وزیر اعلی کو یقین دہانی کرواتے ہوئے حکومت سندھ کے اقدامات کو سراہا ہے۔ واضح رہےکہ ملک میں پہلا کورونا وائرس کا کیس 26 فروری کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد صوبے میں پہلے تعلیمی ادارے اور بعد ازاں مختلف طریقے کی پابندیاں عائد کرتے ہوئے دکانیں بند کردی گئی تھیں۔ 22 مارچ کو وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں ابتدائی طور پر 15 دن کے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا کہ لیکن پھر ملک میں وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 2 مرتبہ توسیع کی گئی تھی اور اس فیصلے کو سندھ کی جانب سے بھی اپنایا گیا تھا. 7 مئی کو وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد ملک میں 9 مئی سے مرحلہ وار لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں