ری فنانس سکیم سے استفادہ کے تحت 200 ارب روپے کے قرضوں کا اجراءمتوقع

اسلام آباد (اے پی پی) سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی 90 ارب روپے کی ری فنانس سکیم کے تحت قرض کے حصول کے لئے 1100 درخواستوں پر عمل درآمد جاری ہے۔ کاروباری اداروں نے اپنے عملہ اور ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے ری فنانس سکیم کے تحت قرضہ کےلئے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ کورونا وائرس کی وباءکے باعث کاروباری اداروں کے ملازمین کے روزگار کے تحفظ کے لئے سٹیٹ بینک نے اپریل کے دوسرے ہفتہ کے دوران ری فنانس سکیم متعارف کرائی تھی تاکہ آجر آسان شرائط پر قرضہ حاصل کر کے اپنے ملازمین کو تنخواہیں ادا کر سکیں۔ کوویڈ 19 سے معیشت متاثر ہونے کے بعد مختلف کمپنیوں کی جانب سے جمع کرائی گئی گیارہ سو درخواستوں پر عمل درآمد جاری ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق نجی ادارے تین فیصد شرح سود پر قرضے حاصل کر کے آئندہ تین ماہ اپنے ملازمین کو تنخواہ ادا کرسکیں گے۔ اس وقت 90 ارب روپے کے قرضہ کے لئے جمع کرائی گئی 11سو درخواستیں زیر غور ہیں جن سے 8 لاکھ 50 ہزار وررکز کے روزگار کو تحفظ حاصل ہو گا۔ 30 اپریل 2020ءتک 209 درخواست گزاروں کو 23 ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے ہیں جس سے 2 لاکھ 22 ہزار افراد کو تنخواہ ادا کی گئی ہے۔ ری فنانس سکیم سے استفادہ کے تحت 200 ارب روپے کے قرضوں کا اجراءمتوقع ہے۔ وفاقی حکومت کی ہدایت پر مرکزی بینک نے وباءکے باعث کاروباری پریشانیوں کے خاتمے کے لئے نجی اداروں کو کم شرح سود پر قرضوں کا فیصلہ کیا تھا تاکہ لاکھوں ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں