جرمنی اور جنوبی کوریا میں لاک ڈائون نرمی کے بعد کورونا کیسز میں اضافہ

سیئول(سی این پی)جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں 2 ہزار نئے کیسز سامنے آنے پر شہر کے سارے نائٹ کلبز بند کر دیئے گئے۔ دوسری جانب جرمنی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 600 افراد کے وائرس میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا میں چند روز قبل کیسز میں کمی پر حکومت نے لاک ڈائون میں نرمی کر دی تھی تاہم اب 2 ہزار نئے کیسز سامنے آنے پر عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ حکام کو اطلاع ملی تھی کہ وائرس سے متاثرہ ایک 29 سالہ شخص نے مختلف نائٹ کلبز کا دورہ کیا تھا جہاں 2 ہزار سے زائد افراد موجود تھے، حکومت اب ان کی تلاش کر کے کورونا ٹیسٹ کی کوشش کر رہی ہے جبکہ کلبز کو بند کر دیا گیا ہے۔ادھر جرمنی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 600 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جس پر متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 71 ہزار ہو گئی ہے، واضح رہے کہ جرمنی میں اب تک 7 ہزار 532 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ معاملے پر جرمنی کے وزیرخارجہ ہیکو ماس کا کہنا تھا کہ یورپ کو تسلیم کرنا پڑے گا کہ وبا کا مقابلہ کرنے کیلئے بہتر طور پر تیار نہیں تھا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 40 لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں اور 2 لاکھ 79 ہزار سے زائد موت کی وادی میں اتر چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں