شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا سعودی شہریوں کی مدد کے لیے بڑا قدم

ریاض(سی این پی)سماجی کفالت نظام میں شامل سعودیوں کے لیے امداد کے سلسلے میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بڑا حکم جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سماجی کفالت نظام میں شامل سعودی شہریوں کے لیے رمضان اعانت کے طور پر ایک ارب 850 ملین ریال تقسیم کرنے کا حکم دے دیا۔رمضان اعانت فنڈ کے تحت سعودی خاندانوں کے سربراہ کو ایک ایک ہزار جب کہ فیملی ممبرز کو 500 ریال دیے جائیں گے، اس خطیر رقم کی امداد کا مقصد مقامی شہریوں کو پروقار زندگی گزارنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔یہ امدادی رقم سماجی کفالت نظام میں شامل سعودی شہریوں کو دی جا رہی ہے، شاہ سلمان کی جانب سے شہریوں کی ایک پروقار زندگی کے جذبے کے تحت یہ خصوصی رقم جاری کی گئی کیوں کہ رمضان کی آمد پر عام دنوں کے مقابلے میں روزمرہ اخراجات بھی بڑھ جاتے ہیں۔رمضان اعانت رقم کی منظوری پر وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود احمد الراجحی نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا۔یاد رہے اس سے قبل شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے مملکت میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کے حوالے سے نجی سیکٹر کے لیے بھی متعدد خصوصی مراعات دینے کا اعلان کرتے ہوئے خطیر رقم مختص کی تھی جس میں نجی سیکٹر میں سعودی ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگیاں بھی سوشل انشورنس اسکیم کے تحت کی جانی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں