اسمگلنگ ملکی معیشت کیلئے ناسور،کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،وزیراعظم

اسلام آباد(سی این پی)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی رعایت یا سمجھوتہ نہیں ہوگا، اسمگلنگ کی وجہ سے ملکی فوڈ سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔اسلام آباد میں وزیرِ اعظم کی زیر صدارت انسدادِ اسمگلنگ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیرصنعت محمد حماد اظہر، وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام سمیت مشیر خزانہ، مشیر تجارت ، سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی، چئیرمین ایف بی آر اور چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، ہوم سیکرٹریز اور آئی جیز بھی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ ملکی معیشت کیلئے ناسور ہے اس سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچتا ہے اور ملکی فوڈ سیکیورٹی کو بھی خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قلت سے عوام کو مشکلات اورپریشانی کا سامناہوتا ہے جب کہ اسمگلنگ کی وجہ سے ملکی صنعت کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے۔وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی رپورٹ ہر 15 دن میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں