لاک ڈائون سے معاشی زوال ،امریکہ میں مزید 29 لاکھ 81 ہزار افراد بیروزگار

نیویارک(سی این پی )امریکہ میں کرونا وائرس لاک ڈائون کی وجہ سے معیشت کا زوال جاری ہے اور محکمہ محنت نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے امریکہ بھر میں مزید 29 لاکھ 81 ہزار افراد بیروزگار ہوگئے ہیں۔ اس طرح دو ماہ میں ذریعہ آمدن سے محروم ہوجانے والوں کی تعداد 3 کروڑ 65 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔صدر ٹرمپ نے مارچ کے وسط میں ملک میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد پہلے ہفتے میں 33 لاکھ، دوسرے میں 69 لاکھ، تیسرے میں 66 لاکھ، چوتھے میں 52 لاکھ، پانچویں میں 44 لاکھ، چھٹے ہفتے میں 38 لاکھ اور ساتویں ہفتے میں 32 لاکھ شہری بے روزگار ہوئے تھے۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس بحران میں مزید کم از کم ایک کروڑ افراد کی آمدنی کے ذرائع ختم ہوئے ہیں لیکن یا تو وہ بیروزگاری الائونس کے اہل نہیں یا ان کے پاس قانونی دستاویزات نہیں۔محکمہ محنت کے اعدادوشمار سے پتا چلتا ہے کہ تمام ریاستوں میں یکساں انداز سے بیروزگاری بڑھی ہے اور ان ریاستوں میں بھی کمی نہیں آئی جہاں کاروبار کھلنا شروع ہوگئے ہیں۔ کنیٹی کٹ میں گزشتہ ہفتے تین لاکھ افراد کا روزگار ختم ہوا۔ جارجیا میں یہ تعداد 2 لاکھ 41 ہزار اور فلوریڈا میں 2 لاکھ 21 ہزار رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں