پاکستان یکم اگست سے یورو5 کوالٹی کے پٹرول کی درآمد شروع کر دے گا

اسلام آباد(سی این پی)پاکستان یکم اگست سے یورو5کوالٹی کے پٹرول کی درآمد شروع کر دے گا، ملک امین اسلم نے کہا کوالٹی بہترہونے کے باوجودقیمت پرفرق نہیں پڑیگا، سب سے پہلے یہ پٹرول اسموگ سے متاثرہ علاقوں میں سپلائی کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق مافیا اور مخصوص لابنگ کے دبائوکے باوجود وفاقی حکومت نے اہم فیصلہ کرلیا ، وزیراعظم کے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ یکم اگست سے پاکستان یورو5کوالٹی کے پٹرول کی درآمد شروع کر دے گا، پٹرول کی کوالٹی بہترہونے کے باوجودقیمت پرفرق نہیں پڑیگا۔امین اسلم نے کہا کہ وزیراعظم اوروفاقی کابینہ نے تاریخی فیصلہ کیا ہے، پاکستان1992سے یورو2 جیسا کم کوالٹی پٹرول استعمال کررہاہے، مخصوص لابنگ نے فائدے کے لئے کبھی یہ فیصلہ کرنے ہی نہیں دیاتھا۔ان کا کہنا تھا کہ مافیاباہرسے سستاپٹرول لے کریہاں مہنگابیچتے رہے ہیں، بہت کم ممالک ایسا گندافیول خریدتے ہیں جیساہم لے رہے تھے، وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ 70 فیصد امپورٹ فیول یورو5 کوالٹی کا ہی ہو گا۔مشیر ماحولیات نے مزید کہا کہ اسموگ سے متاثرہ علاقوں میں سپلائی کیا جائے گا۔یاد رہے وفاقی کابینہ نے پاکستان میں پٹرول و ڈیزل کوالٹی یورو 2 سے یورو 5 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا ، جس کے بعد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پٹرول و ڈیزل کی یورو 5 پرمنتقلی کی منظوری دے دی گئی تھی۔اس حوالے سے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے 6 ماہ پہلے پٹرول کی کوالٹی بہتر بنانے کا وعدہ کیا تھا، یکم اگست سے پٹرول یورو 5 پر منتقل کر دیا جائیگا جبکہ ڈیزل جنوری2021 سے یورو 5 کے برابر چلا جائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں