امریکا اور طالبان ایک بار پھر مذاکرات کی میز پر آگئے

واشنگٹن(سی این پی) طالبان وفد اور امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ویڈیو کانفرنس کے ذریعے مذاکرات ہوئے اس دوران انٹراافغان بات چیت اور خطے کی سلامتی سے متعلق بات چیت کی گئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مائیک پومپیو اور طالبان وفد کے درمیان ہونے والی گفتگو میں افغانستان کی صورت حال اور ماضی میں ہونے والے تاریخی معاہدہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان طالبان قطر دفتر نے مذاکرات کی تصدیق کردی۔ سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ کانفرنس مذاکرات میں طالبان کے ڈپٹی ملا برادر بھی شریک ہوئے، طالبان نے پومپیو سے غیرملکی فوجیوں کا انخلا اور مزید قیدیوں کی رہائی پر بات کی۔ترجمان نے بتایا کہ ویڈیوکانفرنس میں انٹرا افغان مذاکرات اور تشدد میں کمی پر بھی گفتگو ہوئی۔خیال رہے کہ طالبان اور افغان حکومت باہمی مذاکرات کے لیے رضا مندی ظاہر کرچکے ہیں، دونوں فریقین کی قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اہم بیٹھک لگے گی۔طالبان اور افغان حکومت کے درمیان پہلی باقاعدہ ملاقات ہوگی جسے انٹرا افغان مذاکرات کا نام دیا گیا ہے۔ ماضی میں طالبان، افغان قیادت سے بات چیت کرنے سے انکاری رہے تھے، فریقین کے درمیان بیٹھک کب لگے گی؟ اس سے متعلق کوئی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں