امریکی محکمہ امیگریشن کا13 ہزارملازمین کو چھٹی پر بھیجنے کا فیصلہ

واشنگٹن(سی این پی) امریکی محکمہ امیگریشن نے اپنے 13 ہزار ملازمین کو چھٹی پر بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سٹیزن اینڈ امیگریشن نے 13 ہزار سے زائد ملازمین کو چھٹی پر بھیجنے کے نوٹس جاری کر دیے، چھٹیوں کے نوٹس کا اطلاق 3 اگست سے ہوگا۔13 ہزار سے زائد ملازمین 3 اگست سے بغیر تنخواہ چھٹیوں پر چلے جائیں گے، یہ فیصلہ مالی بحران کی وجہ سے کیا گیا ہے، امیگریشن سروسز میں مجموعی طور پر 20 ہزار ملازمین ہیں۔ میڈیا کا کہنا ہے کہ امیگریشن سروسز کا سالانہ بجٹ 15 ارب ڈالرز ہے، جو ویزوں، ورک پرمٹ، گرین کارڈ، اور شہریت کے لیے دی جانے والی درخواستوں سے آتا ہے۔یہ بھی بتایا گیا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے درخواستوں میں 50 فی صد کمی آ گئی ہے، جس کی وجہ سے سالانہ بجٹ پر بہت اثر پڑا ہے، امیگریشن سروسز نے کانگریس سے 3 اگست سے قبل رقم فراہم کرنے کی اپیل بھی کر دی ہے۔ترجمان امیگریشن سروسز کا کہنا تھا کہ اگر رقم نہ ملی تو 75 فی صد سے زائد ملازمین کو گھر بھیج دیا جائے گا۔واضح رہے کہ 25 سے زائد امریکی ریاستوں میں کرونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے، فلوریڈا، ٹیکساس، ایریزونا میں صورت حال انتہائی تشویش ناک قرار دے دی گئی ہے، کرونا ٹاسک فورس کے رکن ڈاکٹر انتھونی فائوچی کا کہنا ہے کہ امریکا بھر میں کرونا کیسز کی تعداد یومیہ ایک لاکھ تک پہنچ سکتی ہے، عوام نے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو صورت حال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں